0092-313-5000-734    
Jobs  |   25 Nov 2024

عنوان: فلسطین کے لیے آواز اٹھاؤ۔ صنف: کالم از قلم :طاہرہ حسین

| 22 Oct 2023  

دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کے لیے فلسطین ہمیشہ سے توجہ کا مرکز رہا ہے ۔مسلمانوں کے لیے اس علاقے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیونکہ یہاں قبلہ اول ہوا کرتا تھا۔

75 سال سے فلسطین خون میں ڈوبا ہوا ہے۔اگر تمام اسلامی ریاستیں یکجان ہو کر فلسطین میں ہوتے ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھاتی تو شاید کچھ بن پاتا۔مگر دنیا بھر سے مسلمان فلسطینیوں پر ظلم ہوتے دن رات دیکھ رہے ہیں ۔مگر کسی کے پاس اتنا وقت نہیں کہ مظلوم کی مدد کی جائے یا ان کے حق میں آواز اٹھائی جائے۔

فلسطین کی جنگجو تحریک حماس نے اسرائیل کے خلاف حملہ کر کے عالمی برادری میں ظلم کے خلاف ایک دھیمی سی آواز بلند کی ہے۔جس کے نتیجے میں  نجانے یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ۔ حماس کی تحریک نے یہ حملہ اس وقت کیا ہے جب اسرائیل کافی اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھا رہا تھا۔اب ان اسلامی ممالک جن میں سعودی عرب سرفہرست ہے،کو چاہیے کہ اسرائیل سے دوستی کا ہاتھ مت بڑھائیں۔جو مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے، وہ کیسے کسی بھی اسلامی ملک کا خیر خواہ ہو سکتا ہے۔

فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی صرف اس صورت ہی ممکن ہے جب ہم تمام مسلم اُمَّہ متحد ہو جائیں گی۔اور فلسطین کی عوام کو آزادی کے حصول میں مدد فراہم کریں گی۔تاکہ فلسطین کی عوام بھی آزادی کا سُکھ محسوس کر سکیں۔ درحقیقت پاکستانی عوام مہنگائی اور سیاسی ہنگاموں سے باہر نکلے تو دوسرے مسلمان بھائیوں کا دکھ درد بھی محسوس کر سکے۔ بڑے افسوس سے یہ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں حکمران کرسی کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور پاکستان کے عوام کی آواز ان سیاسی ہنگاموں میں دبتی جا رہی ہے ۔

ہم پاکستانی نوجوانوں کو چاہیے کہ متحد ہو کر ایسی طاقت بن جائیں جو فلسطین میں مسلمانوں کو اسرائیل کے ظلم و جبر سے بچا سکے ۔

اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانا ہم سب مسلمانوں پر فرض ہے۔وہاں رہنے والے مسلمان بے تحاشا مصیبتوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ ہم دور بیٹھے اس بات کا اندازہ تک نہیں لگا سکتے۔اسرائیل کے ظلم و ستم کو فلسطینی آخر کب تک برداشت کریں۔اسرائیل کو صرف زمین کا ٹکڑا درکار ہے۔انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ کتنے مسلمانوں کا خون ہوگااور کتنےہی گھروں میں سوگ منایا جائے گا۔

حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے حملوں کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔اسرائیل جوابی کارروائی میں فلسطین پر حملے کر رہا ہے ۔اور یوں ایک بڑی تعداد میں فلسطین کے باشندے شہادت نوش کر چکے ہیں ۔اور یہ تعداد مزید بڑھتی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں جتنے بھی مسلمان ہیں، ہم سب کو چاہیے کہ فلسطین کے مسلمانوں کے لیے آواز اٹھائیں۔اسلام ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے کہ مسلمان آپس میں بہن بھائی کی طرح ہیں۔جس طرح ہم اپنے بہن بھائیوں کو کسی مصیبت میں مبتلا نہیں دیکھ سکتے اور ان کی مدد کے لیے کوئی عملی قدم اٹھاتے ہیں۔ اسی طرح ہم پر یہ فرض ہے کہ فلسطینی بھائیوں کے لیے بھی آواز اٹھائیں۔ ان کے حق کے لیے بھی کوئی عملی قدم اٹھائیں۔ان کے حق کے لیے  جنگ لڑیں اور جتنا ممکن ہو سکے ان کا ساتھ دیں۔

ہمارا مذہب اسلام بھی ہمیں اسی بات کی تلقین کرتا ہے کہ دوسرے مسلمان بھائی کو مصیبت میں مبتلا دیکھ کر اس کی مدد کی جائے۔ اور بیت المقدس کی پاک سرزمین ہونے کے ناطے ہم پاکستانیوں کو مل کر عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے آواز اٹھانی چاہیے تاکہ روزِ قیامت ہمیں شرمندہ نہ ہونا پڑے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *