پاکستان آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ہمیں صرف حکومتیں تبدیل کرنے کے بجائے قومی نظام، سیاسی سوچ اور ترقی کے طریقۂ کار پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ مکمل پاکستان پارٹی اسی ضرورت کے احساس سے وجود میں آئی ہے کہ پاکستان کو محض سیاسی نعروں نہیں بلکہ واضح وژن، مضبوط اداروں، مؤثر مقامی حکومتوں، جدید تعلیم، سائنسی سوچ اور انصاف پر مبنی نظام کی ضرورت ہے۔
مکمل پاکستان پارٹی کا سیاسی مستقبل پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ ایک ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں ریاست کا ہر ادارہ عوام کی خدمت کے لیے کام کرے، نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع ملیں، صنعت اور تجارت کو فروغ حاصل ہو، اور عام شہری کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے طاقتور اور مؤثر مقامی حکومت تک رسائی حاصل ہو۔
ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ مضبوط ضلعی اور مقامی حکومتوں سے گزرتا ہے۔ اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر جمہوریت عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتی۔ ہر ضلع کو اپنی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، روزگار اور شہری سہولیات کی ترقی میں مؤثر کردار ملنا چاہیے۔
تعلیم مکمل پاکستان پارٹی کے قومی ایجنڈے کا بنیادی ستون ہے۔ ہم ایسی تعلیمی پالیسی کے حامی ہیں جس میں اردو کو مؤثر ذریعۂ تعلیم بناتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ اور تحقیق کو جدید انداز میں فروغ دیا جائے۔ ہمارا مقصد ایسا پاکستان ہے جہاں ہر بچہ اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھ سکے اور پاکستان کے نوجوان دنیا کے لیے علم، تحقیق اور اختراع کا ذریعہ بنیں۔
پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں صنعت، زراعت، ٹیکنالوجی، برآمدات، چھوٹے کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے عملی ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ چین، یورپ، ایشیا، مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں کے ساتھ معاشی و تکنیکی تعاون کو قومی ترقی کی حکمت عملی کا حصہ بنانا چاہیے۔
مکمل پاکستان پارٹی ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کرتی ہے جو اپنی قومی شناخت پر فخر کرے، دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرے، جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے اور عالمی سطح پر ایک مضبوط، پرامن اور ترقی پسند ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کرے۔
ہماری سیاست تقسیم، نفرت اور محاذ آرائی کے بجائے *امانت، تحفظ، تنظیم اور عدل* کے اصولوں پر قائم ہے۔ پاکستان کے کروڑوں عوام کو ایسی سیاست کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل کو سمجھے، ان کے حل کی منصوبہ بندی کرے اور عملی نتائج کی طرف بڑھے۔
مکمل پاکستان پارٹی کا عزم ہے کہ پاکستان کے سیاسی مستقبل کو عوامی خدمت، مضبوط مقامی حکومت، معیاری تعلیم، سائنسی ترقی، معاشی خودمختاری، انصاف اور قومی اتحاد سے جوڑا جائے۔
*ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو صرف نقشے پر مکمل نہ ہو بلکہ نظام، اداروں، معیشت، تعلیم، انصاف اور عوامی خوشحالی کے اعتبار سے بھی مکمل پاکستان بنے۔*
*محمد عبدالمتین ہاشمی*
*چیئرمین، مکمل پاکستان پارٹی*

0092-313-5000-734
