0092-313-5000-734    
Jobs  |   07 Mar 2026

گزشتہ دو سے تین سال کے دوران حکومت کی معاشی پالیسیوں میں کوئی واضح اور مؤثر سمت نظر نہیں آتی

| 7 Mar 2026  
مکمل پاکستان پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالمتین ہاشمی نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سے تین سال کے دوران حکومت کی معاشی پالیسیوں میں کوئی واضح اور مؤثر سمت نظر نہیں آتی۔ نہ کوئی بڑی فیکٹری قائم ہوئی، نہ کاروبار کو مضبوط کرنے کے لیے مؤثر اصلاحات کی گئیں، اور نہ ہی ٹیکس نظام میں ایسی بہتری لائی گئی جس سے کاروباری طبقے کو اعتماد مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی ملک میں صنعت، کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ نہیں دیا جائے گا تو معیشت کیسے مضبوط ہو گی؟ اگر نظام کو بہتر بنانے کے بجائے صرف پٹرول اور دیگر ضروری اشیاء مہنگی کر دی جائیں تو اس کا بوجھ براہِ راست عوام پر پڑتا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
محمد عبدالمتین ہاشمی نے کہا کہ مکمل پاکستان پارٹی کے وژن کے مطابق ملک کو مضبوط بنانے کے لیے صنعتوں کا قیام، کاروبار کا فروغ اور معیشت میں واضح معیار قائم کرنا ضروری ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمیں بھی ایک مضبوط معاشی سوچ اپنانا ہوگی، جہاں کاروبار کو بڑھایا جائے، روزگار پیدا کیا جائے اور قومی آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ماضی کی حکومتوں سے موازنہ کر کے یا چھوٹے چھوٹے ترقیاتی دعوے کر کے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ اصل ترقی اس وقت ہو گی جب ہم قوم کی مجموعی ترقی، روزگار کے مواقع اور مضبوط معیشت پر توجہ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مزدور اور عام شہری کی آمدنی کو اس سطح تک لے جانا ہوگا جہاں وہ باعزت زندگی گزار سکے۔ اگر عوام کی زندگی آسان نہیں بنائی جاتی اور روزگار کے مواقع پیدا نہیں کیے جاتے تو صرف مہنگائی بڑھا کر کوئی بھی حکومت زیادہ دیر تک نظام نہیں چلا سکتی۔
محمد عبدالمتین ہاشمی نے کہا کہ حکومتوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام پر معاشی دباؤ بڑھا کر حکمرانی نہیں کی جا سکتی۔ ایک مضبوط پاکستان اسی وقت بن سکتا ہے جب عوام خوشحال ہوں، کاروبار ترقی کرے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں