0092-313-5000-734    
Jobs  |   17 May 2026

کراچی کے علاقے صرافہ بازار میں ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے چھاپے اور تاجروں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر شدید ردِعمل

| 17 May 2026  
مکمل پاکستان پارٹی کے مرکزی نائب صدر سیف الرحمان بھٹی نے کراچی کے علاقے صرافہ بازار میں ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے چھاپے اور تاجروں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کو ہراساں کرنا اور کاروباری طبقے کو خوف میں مبتلا کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی معاملے میں قانونی کارروائی مطلوب ہو تو وہ قانون اور اخلاق کے دائرے میں رہ کر کی جانی چاہیے، مگر تاجروں کی عزتِ نفس مجروح کرنا، انہیں دباؤ میں لانا اور کاروباری ماحول کو خراب کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کا بوجھ تاجروں پر ڈالنے کے بجائے انہیں تحفظ اور سہولیات فراہم کرے۔ اس طرح کے چھاپے اور سخت اقدامات کاروبار کو مزید مشکلات میں دھکیل رہے ہیں، جس سے تاجروں میں خوف و بے چینی بڑھ رہی ہے اور عام عوام بھی شدید پریشانی کا شکار ہو رہی ہے۔
سیف الرحمان بھٹی نے کہا کہ آج ملک کا تاجر پہلے ہی مہنگائی، ٹیکسوں، بجلی کے بھاری بلوں اور معاشی بحران سے پریشان ہے، اور اوپر سے اس طرح کے اقدامات کاروباری طبقے کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ اگر کاروبار اسی طرح دباؤ اور خوف کے ماحول میں چلائے جائیں گے تو پاکستان میں نہ تجارت بچے گی، نہ روزگار اور نہ ہی عام عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ آخر عوام کیا کریں، جب کاروبار کرنے والوں کو ہی دیوار سے لگایا جا رہا ہو؟
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے ساتھ ناروا رویہ فوری بند کیا جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کاروباری طبقے کو عزت و تحفظ فراہم کیا جائے۔ مکمل پاکستان پارٹی ہر مظلوم تاجر کے ساتھ کھڑی ہے اور تاجروں کے حقوق کے لیے ہر آواز بلند کرتی رہے گی