0092-313-5000-734    
Jobs  |   25 Apr 2026

حالیہ مذاکرات کے باعث وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نے عوام کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

| 25 Apr 2026  
مکمل پاکستان پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالمتین ہاشمی نے موجودہ ملکی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ مذاکرات کے باعث وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نے عوام کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ سڑکوں کی بندش کے باعث طلبہ، مریض، مزدور اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ روزگار کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں اور معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بھاری بلوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں سولر توانائی پر ٹیکسز اور پابندیاں عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ سولر سسٹم اپنانا عوام کی مجبوری تھی، کیونکہ وہ مہنگی بجلی کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر تھے۔ اب حکومت کی جانب سے اس سہولت پر اضافی بوجھ ڈالنا اور رکاوٹیں کھڑی کرنا عوام کے لیے مزید مشکلات اور پریشانی کا سبب بن رہا ہے، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
محمد عبدالمتین ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت کی یہ پالیسیاں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔ اگر فوری طور پر ان فیصلوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو عوام کا ردعمل مزید شدید ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ:
فوری طور پر دارالحکومت کے تمام راستے کھولے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
سولر توانائی پر عائد ٹیکسز اور پابندیاں واپس لی جائیں۔
مہنگی بجلی کے مسئلے کا مستقل اور عوام دوست حل پیش کیا جائے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مکمل پاکستان پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی، اور کسی بھی عوام دشمن پالیسی کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا