چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی کو چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کی جانب سے “شاندار سفارتکار میڈل” سے نواز دیا گیا
چین کے وزیرِ خارجہ عزت مآب وانگ یی نے آج چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی کو اُن کی غیر معمولی سفارتی صلاحیتوں اور پاکستان-چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں “Outstanding Diplomat Medal” سے نوازا۔
یہ اعزاز بیجنگ میں وزارتِ خارجہ چین میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا۔ اس موقع پر چین میں تعینات اور سابقہ آٹھ سفیروں کو یہ اعزاز دیا گیا، جن میں روس، کمبوڈیا، چاڈ اور یوراگوئے کے سابق سفیر جبکہ سعودی عرب، قازقستان اور کولمبیا کے موجودہ سفیر شامل تھے۔
بیجنگ میں تعینات موجودہ سفیروں میں سفیر خالد ہاشمی اس باوقار اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے سفیر بن گئے۔
سفیر خالد ہاشمی چین میں پاکستان کے پہلے سفیر بھی ہیں جنہیں یہ اعزاز دیا گیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چینی وزارتِ خارجہ نے ایسے غیر ملکی سفیروں کو اعزازات دینے کا آغاز کیا ہے جنہوں نے غیر معمولی سفارتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خالد ہاشمی نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اس اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنی ٹیم، اپنے خاندان اور دونوں ممالک کی سفارتی خدمات انجام دینے والے اُن افراد کے نام کیا جنہوں نے نسل در نسل پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سفیر خالد ہاشمی نے بالخصوص وزیرِ خارجہ وانگ یی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن کی رہنمائی، تعاون اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی مضبوطی دی۔ انہوں نے چینی وزارتِ خارجہ کے شعبۂ ایشیائی امور کے تعاون کو بھی سراہا جس نے دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کی منفرد نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر خالد ہاشمی نے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چاہے وہ 2005 کا کشمیر زلزلہ ہو، 2008 کا سیچوان زلزلہ یا عالمی وباؤں اور صحت کے ہنگامی حالات۔
آخر میں سفیر خالد ہاشمی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ “پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط” رہے گی۔

0092-313-5000-734
