0092-313-5000-734    
Jobs  |   13 Jul 2026

بلوچستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 5 بے گناہ پنجابی مزدوروں کی شہادت انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔

| 13 Jul 2026  
بلوچستان میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 5 بے گناہ پنجابی مزدوروں کی شہادت انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔ شہداء کا تعلق پسرور، نارووال اور خان پور سے تھا۔ معصوم اور محنت کش شہریوں کو نشانہ بنانا نہ صرف بزدلانہ دہشتگردی ہے بلکہ پاکستان کے امن، اتحاد اور استحکام پر حملہ ہے۔
محمد عبدالمتین ہاشمی، چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں، سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔
مکمل پاکستان پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملک میں امن، قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی اور ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس سفاک حملے میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اور پائیدار سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔
ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد، امن، بھائی چارے اور ترقی کے راستے پر ہی پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین