ماحولیاتی تبدیلی اور “گرین اینڈ کلین پاکستان” کے موضوع پر منعقدہ پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی محمد عبدالمتین ہاشمی نے کہا کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی موسمیاتی تبدیلیوں کی ایک بڑی وجہ ہے، جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کو شدید ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔
وومن اینڈ ویلفیئر کالج میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے قوم کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ چاہے ماحولیاتی مسائل ہوں یا ملک کو درپیش دیگر چیلنجز، ان کا مؤثر حل قومی اتحاد، اجتماعی شعور اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام بچے، بالخصوص بچیاں اور خواتین، ہر شعبۂ زندگی میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اس لیے انہیں تعلیم، تحقیق اور عملی میدان میں بھرپور مواقع فراہم کیے جانے چاہییں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
چیئرمین نے طالبات اور ان کے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کتاب سے دوستی اختیار کریں اور مطالعہ کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں، کیونکہ کتاب انسان کی بہترین رہنما ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کو صرف تفریح کے لیے نہیں بلکہ تحقیق، سیکھنے اور علم میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانا، جنگلات کا تحفظ، ماحول کو صاف رکھنا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز و شاداب پاکستان چھوڑنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، خصوصاً طلبہ و طالبات، سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں گرین اینڈ کلین بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں

0092-313-5000-734
