0092-313-5000-734    
Jobs  |   08 Aug 2026

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی تعاون خطے کے امن و استحکام کی جانب اہم قدم ہے: محمد عبدالمتین ہاشمی

| 8 Aug 2026  
مکمل پاکستان پارٹی کے چیئرمین محمد عبدالمتین ہاشمی نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی دفاعی تعاون خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا یہ مؤقف قابلِ تحسین ہے کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ دفاع اور علاقائی امن کے لیے ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کے حق کی توثیق بھی اس امر کی عکاس ہے کہ ریاستوں کو اپنی سلامتی کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔
محمد عبدالمتین ہاشمی نے کہا کہ مکمل پاکستان پارٹی سمجھتی ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات صرف دفاعی شعبے تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے میدان میں بھی تعاون کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے وہ تمام برادر ممالک جو امن، خوشحالی، خودمختاری اور استحکام کے خواہاں ہیں، انہیں باہمی تعاون کے ایسے مثبت پلیٹ فارم کا حصہ بننے کا موقع ملنا چاہیے۔
چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت، باہمی احترام اور علاقائی تعاون ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کو برادر ممالک کے ساتھ مل کر ایک ایسے خطے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جہاں جنگ کے بجائے تجارت، ترقی اور خوشحالی کو ترجیح حاصل ہو۔