راولپنڈی(نمایندہ خصوصی) خطیب زرعی بارانی کالج اڈیالہ جیل راولپنڈی پیر غلام نبی رحیمی نقشبندی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جمعہ کے خطبہ پر بھی اسی موضوع پر تقریر کروں گا کہ اللہ رب العزت نے انسان کے لیے زمان و مکان کے تغیرات میں انوار و برکات کے بے شمار خزانے چھپا رکھے ہیں۔ بدلتے ہوئے موسم جہاں انسان کی مادّی ضروریات کو پورا کرتے ہیں، وہاں ایک مومنِ صادق کے لیے روح کو جلا بخشنے اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ انہی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت سردیوں کا موسم ہے۔
حضرت سیدنا حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے: “مومن کے لیے سردیوں کا موسم کتنا ہی بہترین زمانہ ہے! اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ آسانی سے روزہ رکھ لیتا ہے، اور اس کی راتیں لمبی ہوتی ہیں تو وہ سکون سے قیام (عبادت) کر لیتا ہے۔”
عزیز و محترم اسلامی بھائیوسردیوں کی راتیں درحقیقت ربِ کریم کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے ایک بہت بڑا تحفہ اور “بہترین خبر” ہیں۔ جب دنیا غفلت کی چادر اوڑھ کر سو رہی ہوتی ہے اور سردی کا احساس انسان کو بستر کی گرمائش کی طرف مائل کرتا ہے، اس وقت ایک مومن اپنے رب کی محبت میں نرم و گرم بستر کو خیرباد کہتا ہے۔ وضو کے ٹھنڈے پانی سے اپنے اعضا کو تر کرتا ہے اور جادۂ بندگی پر کھڑا ہو جاتا ہے۔یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جب آسمانِ دنیا پر ربِ رحیم کی رحمت کا نزول خاص ہوتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: “ہمارا رب ہر رات آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے جب رات کا آخری تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے، اور فرماتا ہے: کون ہے جو مجھ سے دعا کرے تاکہ میں اس کی دعا قبول کروں؟ کون ہے جو مجھ سے مانگے تاکہ میں اسے عطا کروں؟”حضراتِ ذی وقار نقشبندی فکر و تصوف کا بنیادی سبق ہی “خلوت در انجمن” اور “بیدار در خواب” ہے۔ یعنی دنیا کے ہنگاموں کے درمیان بھی دل اللہ کی یاد میں مشغول رہے۔ سردیوں کی طویل اور پرسکون راتیں تزکیۂ نفس، تلاوتِ قرآن، ذکرِ خداوندی اور صلوٰۃ اللیل (تہجد) کے لیے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ سردیوں میں روزے رکھنا “بلا مشقت کی غنیمت” قرار دیا گیا ہے، اور رات کا قیام روح کو وہ پاکیزگی اور سکون عطا کرتا ہے جو دنیا کے کسی کونے میں نہیں مل سکتا۔آئیے! اس جمعۃ المبارک کے بابرکت دن یہ عہد کریں کہ ہم سردیوں کی ان لمبی اور سکون دہ راتوں کو صرف غفلت اور نیند کی نذر نہیں کریں گے، بلکہ رات کا کچھ حصہ اپنے خالق و مالک کے سامنے سجود و استغفار اور تلاوتِ قرآن میں گزاریں گے۔
خطیب زرعی بارانی کالج اڈیالہ جیل راولپنڈی پیر غلام نبی رحیمی نقشبندی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا
| 11 Oct 2026
0092-313-5000-734
