راولپنڈی ( عبدلغفار ) در بارِ عالیہ عید گاہ شریف میں 2جنوری بروز منگل شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ حضرت پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرسِ مبارک کے موقع پرافضلیتِ حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ و استحکامِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور جس میں مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن اور مفتی لیاقت علی الازہری کراچی سے خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ خانقاہیں اور درگا ہیں توحید کے مراکز ہیں اور توحید پرست وہی ہیں جن کے ہاتھ میں دامنِ مصطفیٰ ﷺ ہے۔ بزرگان ِ دین میں ایسی ہی ایک بر گزیدہ ہستی جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اتباعِ رسولِ کریم ﷺ سے عبارت ہے بزرگانِ طریقت عید گاہ شریف میں شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ حضرت پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمتہ اللہ علیہ کی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ وطن کی محبت انبیائے کرام ؑ کی سنت اور نیک فطرت انسانوں کا وطیرہ ہے۔ وطنِ عزیز پاکستان کی استحکام و سلامتی کے لئے اپنی بہادر افواج کی لا زوال اور بے مثال قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور پوری پاکستانی قوم، علمائے کرام و مشائخِ عظام اپنے بہادر سپہ سالار و افواجِ پاکستان کے ہمراہ ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور دہشتگردوں کا دینِ متین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ہماری افواج کے ہوتے ہوئے ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔ عید گاہ شریف سے ہمیشہ ایک ہی پیغام دیا گیا کہ امتِ مسلمہ کے پاس دین اور دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے غلامیِ مصطفیٰ ﷺ کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اسی غلامیِ مصطفی ﷺ کو اختیار کر کے، مردوں میں سب سے پہلے ایمان لا کر اور معراج النبی ﷺ کی تصدیق کر کے حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ مقامِ عشق و صداقت پر فائز ہوئے۔ حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ کی غلامیِ مصطفی ﷺ کی شمع فروزاں قیامت تک مسلمانانِ عالم کے ایمانوں کو حرارت و تقویت پہنچاتی رہے گی۔ آپ ؓ کی شان میں قرآنِ کریم کی 32آیاتِ مبارکہ کا نزول، آپ ؓ کی 4پشتوں کا صحابیِ رسول ﷺ ہونے کا اعزاز، عشرہ مبشرہ میں شمولیت اور بروزِ قیامت ربِ رحمن کا آپ ؓ پر خصوصی تجلی فرمانا وہ شانیں ہیں جو صرف حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ کے حصے میں آئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتیے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ فروغ، عشقِ مقبول ﷺ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لئے عید گاہ شریف کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور ہم افواجِ پاکستان اور تمام شہدائے وطن کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بزرگانِ دین کے آستانے رشدو ہدایت کے سر چشمے ہیں جہاں پر مخلوقِ خدا کو آپس میں جوڑا جاتا ہے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس عظیم الشان کانفرنس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام و مشائخِ عظام،کثیر تعداد میں نعت خوانانِ عظام جن میں محمد عامر فیاضی، حافظ غلام مصطفیٰ قادری و دیگر، عوام الناس، وابستگانِ عید گاہ شریف اور کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ عرسِ پاک کی تقریب کے دوران عید گاہ شریف کا مرکزی پنڈال عوام الناس سے بھر گیا اور تمام داخلی و خارجی راستوں میں تل دھرنے کو جگہ نہ رہی۔ اس موقع پر ٹریفک کی روانی اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ عرسِ پاک کی محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی اُمت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی،ترقی،افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحادِ بین المسلین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا پر ہوا جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔